اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان میں صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لئے سول حکومت کی مدد کے لئے پاکستانی فوج کے دستے ملیر کینٹ سے مقررہ مقام پر پہنچ گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ملیر کینٹ سے روانہ ہونے والے فوجی دستے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے اپنے مقرر مقام پر پہنچ کر سول انتظامیہ کی مدد کے لئے اسٹینڈ بائی رہیں گے۔ یہ دستے حکومت سندھ کی جانب سے محکمہ داخلہ کو شہر میں فوج تعینات کرنے سے متعلق درخواست کے بعد اسٹینڈ بائے کئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق سندھ بھر میں محرم الحرام میں بیس ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
دوسری جانب کراچی شہر کے گلشن اقبال علاقے میں کار پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیاہے۔ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ممتاز منزل کے قریب مسلح ملزمان نے مجلس میں شرکت کرکے گھر واپس جانے والے افراد کی گاڑی پر فائرنگ کردی،جس کے نتیجے میں واجدحسین جاں بحق اور عمران علی زخمی ہوگیا، شیعہ علماء کونسل اور مجلس وحدت المسلمین کے ترجمان نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کوگرفتارکرنے کا مطالبہ کیاہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲